حید رآ باد : تلنگانہ ریاست میں میڈیکل ایجوکیشن کورسیس کی فیسوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے آج احکامات جاری کئے ۔ ان احکامات کی روشنی میں بی زمرہ ( کیٹگیری ) کے تحت دس فیصد نشستوں کو حکومت نے منسوخ کردینے کا فیصلہ کیا ہے اور اے زمرہ کے ذریعہ 50 فیصد نشستیں حکومت خود پُر (Fillup) کرے گی ۔ اس کے علاوہ بی زمرہ کے ذریعہ 35 فیصد مینجمنٹ کوٹہ ( انتظامیہ کوٹہ کے تحت ) کی نشستیں پُر کی جائیں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سی زمرہ کے ذریعہ 15 فیصد نشستیں ہی مینجمنٹ کوٹہ کے تحت انتظامیہ کی جانب سے پُر کرنے
کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حکومت کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں حکومت نے فیس رقم کا تعین بھی کیا ہے جس میں اے زمرہ کی 50 فیصد نشستوں کے لیے 60 ہزار روپئے فیس مقرر کی گئی ہے اور بی زمرہ کی 35 فیصد نشستوں کے لیے 9 لاکھ روپئے فیس مقرر کی گئی ہے اور سی زمرہ کی مینجمنٹ کوٹہ کی 15 فیصد نشستوں کے لیے 11 لاکھ روپئے فیس مقرر کی گئی ہے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ ڈینٹل کورسیس میں اے زمرہ کے لیے سالانہ فیس 45 ہزار روپئے ، بی زمرہ کی نشستوں کے لیے سالانہ فیس 4 لاکھ روپئے اور سی زمرہ کی نشستوں کے لیے سالانہ فیس 5 لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے ۔